شہرت سے ڈر لگتا ہے، اللہ کو کیا جواب دوں گی؟،ہانیہ عامر
شہرت کے باوجود وہ ہمیشہ لوگوں کو خوشی دینے کی کوشش کرتی ہیں
پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ انہیں اپنی شہرت سے خوف آتا ہے کیونکہ وہ سوچتی ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ سے ملاقات ہوگی تو وہ کیا جواب دیں گی۔
اداکارہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ذہنی صحت کے حوالے سے کھل کر بات کی اور کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ہر شخص خوش رہے اور ذہنی صحت کے مسائل کو چھپانے کی بجائے اس پر بات کرے۔
بی بی سی ایشیا کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں ہانیہ عامر نے بتایا کہ وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ اب ذہنی صحت پر بات کرنا ممنوع نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں چاہتیں کہ جو مشکلات انہیں ذہنی صحت کے حوالے سے پیش آئیں، وہ کسی اور کو بھی جھیلنی پڑیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ "مجھے اپنی شہرت سے خوف آتا ہے کہ کل اللہ تعالیٰ سے کیا کہوں گی؟ کیا کہوں گی کہ میں نے کچھ فلمیں کیں اور پیسے کمائے؟” انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے موزوں نہیں ہے کیونکہ وہ ایسا سوچتی نہیں ہیں۔ ہانیہ عامر نے کہا کہ ان کی کوشش ہمیشہ یہ رہتی ہے کہ وہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائیں اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے لوگوں کو خوشی ملے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب لوگ ذہنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ لوگ جانیں کہ ذہنی صحت ایک عام مسئلہ ہے جس پر گفتگو کی جا سکتی ہے۔