پنجاب میں لاکھوں ایکڑ پر زرعی جنگل کا منصوبہ شروع
منصوبے کے تحت سرکاری اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں درختوں کی تعداد میں اضافے کی بھی تجویز دی گئی
لاہور: محکمہ ماحولیات پنجاب نے ایک بڑے اور اہم منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے لاکھوں ایکڑ زمین پرزرعی جنگل لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مختصر، درمیانی اور طویل المدتی وژن کا حصہ ہے۔ زرعی جنگل کے ذریعے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ آکسیجن کی مقدار بھی بڑھے گی، جو کہ عوام کی صحت کے لیے ایک بہت بڑا فائدہ ثابت ہوگا۔
اس منصوبے کے تحت سرکاری اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں درختوں کی تعداد میں اضافے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ لاہور کے گردونواح میں درختوں کا وسیع حفاظتی دائرہ بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ماحول میں تازگی اور صفائی کا تاثر بڑھ سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے حکومت نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے، اور وہ یہ کہ خراب گاڑیوں کو سڑکوں پر نہیں چلنے دیا جائے گا۔ گاڑیوں کا سرٹیفائیڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ اسموگ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے صنعتی یونٹس اور بھٹوں پر چھاپے بھی جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق اب تک اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 14 صنعتی یونٹس کو سیل کیا جا چکا ہے اور 8 پرچے درج کیے گئے ہیں۔