واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکاٹ بیسنٹ کو وزیر خزانہ کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اسکاٹ بیسنٹ کو اپنی کابینہ میں وزیر خزانہ کے طور پر منتخب کیا ہے۔ بیسنٹ ایک مشہور فنڈ مینیجر اور ارب پتی سرمایہ کار ہیں، اور انہیں اقتصادی حکمت عملی کے لیے ایک اہم شخصیت سمجھا جاتا ہے۔
یہ نامزدگی اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ کی جانب سے اٹارنی جنرل کے لیے نامزد میٹ گیٹز نے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ 62 سالہ اسکاٹ بیسنٹ اسکوائر کیپیٹل مینجمنٹ کی بنیاد رکھنے والے ہیں اور عالمی سطح پر بڑے سرمایہ کاروں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ ان کی نامزدگی سے یہ امید کی جارہی ہے کہ وہ امریکی معاشی پالیسیوں میں تبدیلی لائیں گے اور ممکنہ طور پر تجارتی ٹیرف میں اضافہ کریں گے۔
ٹرمپ نے اسکاٹ بیسنٹ کی نامزدگی کے حوالے سے کہا کہ اسکاٹ بیسنٹ کو دنیا بھر میں جیو پولیٹیکل اور معاشی امور کے ماہرین میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کی رہنمائی سے امریکہ ایک نیا سنہرا دور دیکھے گا۔