کھیل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کراچی سے لاہور منتقل

ٹرافی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹر پہنچا دیا گیا

لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو کراچی سے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا لاہور میں کوئی ٹور فائنل نہیں ہوگا۔ ٹرافی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹر پہنچا دیا گیا ہے اور اس کے بعد اگلے مرحلے میں چیمپئنز ٹرافی افغانستان لے جائی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو کراچی کے مختلف مقامات پر لے جایا گیا تھا۔ کراچی میں اس کا تین روزہ سفر مکمل ہونے کے بعد اب ٹرافی لاہور پہنچ چکی ہے۔ کراچی میں ٹرافی کا ایک فوٹو شوٹ مزار قائد پر ہوا، جس میں کے ایم سی کی تاریخی مرکزی عمارت پر بھی فوٹو شوٹ کیا گیا۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ٹرافی کا استقبال کیا اور تصاویر بنوائیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا ابھی تک اعلان نہیں کیا جا سکا۔ آئی سی سی اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ اور پی سی بی سے رابطے میں ہے اور بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے کے انکار پر ممبر بورڈز سے مشاورت کر رہا ہے۔ مشاورت کے بعد ہی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے بھارت اور پاکستان کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔ بھارت اس ایونٹ کے انعقاد کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر زور دے رہا ہے، جبکہ پی سی بی کا موقف ہے کہ ایونٹ کو مکمل طور پر پاکستان میں ہی منعقد کیا جانا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button