باجوڑ میں دو مختلف دھماکوں میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

دھماکوں کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دو مختلف بم دھماکوں کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دو الگ الگ بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پہلا دھماکا تھانہ لوئی ماموند کی حدود میں واقع علاقے ایراب میں ہوا، جس کے نتیجے میں ملک اصغر نامی شہری جاں بحق ہوگئے۔

دوسرا دھماکا اسی تھانے کی حدود میں واقع مینہ خوڑ علاقے میں ہوا، جہاں پولیس سپاہی احسان اللہ شہیدہوگیا۔

دھماکوں کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

Exit mobile version