پنجاب کے پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا
پنجاب کے پی ایس آر پی سکولوں میں پانچ ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ طلبہ کی لرننگ کیپسٹی کو بڑھانے کے لیے جدید لیبز بھی قائم کی جائیں گی۔
اجلاس میں سکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فنڈز کی ری والونگ کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ، طلبہ میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینے کے لیے سرکاری سکولوں میں موبائل بس پراجیکٹ لانچ کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنانا ہمارا عزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں جاری سکول میل پروگرام کی رپورٹ پیش کی گئی اور آؤٹ آف سکول بچوں کے لیے فارمل لرننگ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 3527 سکولوں میں ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد ملک پیک تقسیم کیے گئے ہیں اور سکول میل پروگرام کے تحت 38 ہزار سے زائد نئے طلبہ کی انرولمنٹ مکمل کی گئی۔
سکول میل پروگرام کے آغاز کے بعد بچوں کے کیلشیم ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں، اور پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام میں شامل سکولوں میں انرولمنٹ میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پی ایس آر پی فیز ون کے تحت 5675 سکولوں میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد نئے طلبہ نے داخلہ لیا۔ سپیشل ماینٹرنگ یونٹ نے 60 فیصد نئے داخلوں کی تصدیق کر لی ہے اور پبلک سکول ری آرگنائزیشن کے بعد سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں 164 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں پی ایس آر پی فیز ون کے اساتذہ کے سات ٹریننگ سیشن مکمل ہو چکے ہیں، جن کے ذریعے اساتذہ سمارٹ کلاس ٹیکنالوجی کے ذریعے دیہاتی علاقوں کے بچوں کو تعلیم دیں گے۔ سکولوں میں سولر ٹیکنالوجی سے منسلک سمارٹ بورڈز بھی استعمال کیے جائیں گے۔ شہروں کے مضافاتی علاقوں میں آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، اور 95 فیصد والدین اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کے خواہش مند ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سکول میل پروگرام اور دیگر منصوبوں کی کامیابی پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔