پاکستان
ٹرینڈنگ

حکومت نے4ہزار سے زائد بھکاری نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیئے

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستانی حکومت نے 4300 بھکاریوں کو نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیا اور سعودی عرب کو بھکاریوں کو بیرون ملک بھیجنے والے مافیا کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے ملاقات کی، جس دوران انہوں نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھیجنے والے مافیا کے خلاف حکومتی اقدامات سے سعودی حکام کو آگاہ کیا۔ اس ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ کو بتایا کہ سعودی عرب جانے والے بھکاریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تقریبا 4300 بھکاریوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں بھکاریوں کے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔

محسن نقوی نے سعودی نائب وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

اس ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پیش کی، جس پر سعودی نائب وزیر داخلہ نے اتفاق کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے گا اور سعودی عرب میں قید 419 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے قانونی عمل کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کے بھیس میں سعودی عرب جانے والی پرواز سے 16 مبینہ بھکاریوں کو اتار لیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق یہ افراد عمرہ ویزوں پر سعودی عرب جا رہے تھے اور ان میں ایک بچہ، 11 خواتین اور 4 مرد شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button