بزنس

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو 4 ارب سے زائد کا نقصان

مثبت معاشی اعشاریوں کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میںاتار چڑھاؤ

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 96 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو عبور کرنے کے بعد بدھ کے روز 545 پوائنٹس کی کمی دیکھنے کو ملی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 4 ارب 15 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

نجی ٹی وی کے مطابق مثبت معاشی اعشاریوں اور معیشت میں جاری اصلاحات کی بدولت بہتری کی توقعات کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ رہا۔ تاہم، فرٹیلائزر اور کچھ دیگر شعبوں میں خریداری کی سرگرمیاں برقرار رہیں جس کی بدولت مارکیٹ بڑی مندی سے بچ گئی۔

اس مندی کے اثرات کے باعث 55 فیصد حصص کی قیمتیں نیچے گئیں اور سرمایہ کاروں کے 4 ارب 15 کروڑ 32 لاکھ 53 ہزار 397 روپے ڈوب گئے۔ اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر کے معاہدے، برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بڑھتے ہوئے انفلوز جیسے مثبت عوامل کے باوجود ابتدائی اوقات میں 855 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی، اور انڈیکس 96 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند سطح تک پہنچا۔

تاہم، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، بینکنگ اور مواصلات کے شعبوں میں حصص کی وسیع پیمانے پر آف لوڈنگ کی وجہ سے یہ تیزی ایک موقع پر 545 پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہو گئی۔ اختتام پر، نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری کی سرگرمیاں بڑھیں جس سے مندی کی شدت میں کمی آئی۔ آخرکار، کے ایس ای 100 انڈیکس 310.21 پوائنٹس کمی کے ساتھ 95546.45 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 104.71 پوائنٹس کمی کے ساتھ 29578.01 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 23.47 پوائنٹس کمی کے ساتھ 61182.17 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1310.69 پوائنٹس کمی کے ساتھ 144495.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 37 فیصد زیادہ رہا اور کل 1 ارب 13 کروڑ 84 لاکھ 11 ہزار 946 حصص کے سودے ہوئے۔ کاروباری سرگرمیاں 456 کمپنیوں تک محدود رہیں، جن میں سے 156 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 251 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی آئی اور 49 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، ان میں کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت 101.90 روپے بڑھ کر 1480.88 روپے ہو گئی اور نیسلے پاکستان کی قیمت 91.17 روپے بڑھ کر 6691.17 روپے ہوگئی۔ جبکہ پاکستان سروسز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 44.72 روپے کم ہو کر 802.67 روپے اور سروس انڈسٹری کے حصص کی قیمت 39.48 روپے کم ہو کر 1179.99 روپے ہوگئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button