کراچی میں آئیڈیاز 2024: عالمی دفاعی نمائش کا آغاز
پاکستان عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے،خواجہ آصف
کراچی، سندھ میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش "انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2024کا آغاز ہوگیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے نمائش کے آغاز پر اپنے خطاب میں کہا کہ وہ دنیا بھر سے کراچی پہنچنے والے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ شرکاء اس نمائش سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دنیا بھر میں امن قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار بخوبی ادا کررہا ہے۔ نمائش میں مختلف تکنیکی امور اور اہم مسائل پر تفصیل سے بات چیت ہوگی۔
وزیر دفاع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ پاکستان کی معیشت اب مثبت سمت میں گامزن ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کو فروغ دینا ضروری ہے، اور اس مقصد کے لیے پاکستان ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ اس نمائش کا آغاز 2000 میں ہوا تھا، اور تب سے ہر دو سال بعد اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے ایک بار پھر شہر کو منتخب کیا گیا ہے اور 12ویں آئیڈیاز نمائش 19 سے 22 نومبر تک جاری رہے گی۔ یہ نمائش دفاعی سازو سامان کی دنیا کے سب سے بڑے فورمز میں شمار ہوتی ہے۔
دوسری جانب اس نمائش کی وجہ سے محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی کے مختلف تعلیمی اداروں کو 4 روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شاہراہ فیصل اور کارساز کے اطراف کی ٹریفک روانی برقرار رکھی جا سکے۔ تاہم، نمائش کے پہلے دن صبح کے اوقات میں ان علاقوں میں شدید ٹریفک جام دیکھنے کو ملا، جس کی وجہ سے اسکولوں اور دفاتر جانے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔