پاکستان
ٹرینڈنگ

ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستیں کی وصولی شروع

پاکستانی خواتین کو بغیر محرم گروپ کے ساتھ حج کی اجازت، وزارت نے اضافی سہولتیں فراہم کیں

اسلام آباد: سال 2025 کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے درخواستیں آج سے وصول کی جا رہی ہیں، اور ملک کے 15 نامزد بینکوں میں یہ درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، حج درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے کی ابتدائی رقم جمع کرانا ضروری ہے۔ باقی رقم قرعہ اندازی کے بعد ادا کی جائے گی، اور یکم سے 10 فروری کے دوران بقیہ حج واجبات کی ادائیگی بھی لازمی ہوگی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 افراد کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جب کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم میں 5 ہزار نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ بیرون ملک سے درخواست دینے والوں کو امریکی ڈالرز میں مکمل ادائیگی کرنی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔  عازمین حج کو محرم کے بغیر قابل اعتماد گروپ کے ساتھ روانہ ہونے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ انہیں سرپرست کی اجازت ہو۔ اضافی سہولتوں میں فیملی رومز اور قربانی کی سہولت شامل ہے۔

وزارت نے بتایا کہ سرکاری حج پیکج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتبہ اور ویکسین شامل ہیں۔ تاہم، شدید پیچیدہ امراض کے شکار افراد کو حج کے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین یا 12 سال سے کم عمر بچے بھی اس سفر پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔

وزارت نے کہا کہ درخواست گزاروں کو رہنمائی فراہم کرنے کے لیے حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی فعال ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button