پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج رات سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بیشتر اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، میانوالی، خوشاب اور نور پور تھل میں آندھی کے ساتھ بارش ہوگی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ لاہور، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک کے بعض علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ جبکہ بعض مقامات پر شدید گرمی نے لوگوں کا برا حال کردیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف شہروں چمن، کوزک ٹاپ، شیلا باغ اور ٹوبہ اچکزئی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہےجبکہ پیر علی زئی جنگل، قلعہ عبداللہ، پشین میں طوفانی ہواؤں کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی ہے اور میرپور، دھیرکوٹ، سماہنی آزاد کشمیر، مانسہرہ میں بھی بارش ہورہی ہے تاہم سندھ اور پنجاب میں گرمی کی شدت میں اضافہ جاری ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں