لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم
عدالت نے لاہور میں لاریوں، بسوں، ٹرکوں اور ٹرالرز کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی روک تھام کے لیے پنجاب بھر میں رات 8 بجے مارکیٹوں کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق اور دیگر کی درخواستوں پر بحث کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے لاہور شہر میں لاریوں، بسوں، ٹرکوں اور ٹرالرز کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے احکامات دیے۔
عدالت نے کہا کہ ٹرک اور ٹرالر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی اہم وجہ ہیں، اور یہ ضروری ہے کہ ڈولفن پولیس اور دیگر پولیس اہلکاروں کو ان کے کنٹرول کے لیے تعینات کیا جائے۔ جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ حکومت کو ہر سماعت پر سموگ کو قابو کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی تھی، اور اصل آلودگی کا باعث بھاری ٹریفک کا دھواں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر لاریوں اور بسوں کو نوٹس دیا گیا ہے تو ابھی تک انہیں بند کیوں نہیں کیا گیا؟ بسوں کو دھواں چھوڑنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ کرنا چاہیے تاکہ ان کے مالکان کی توجہ اس جانب مبذول ہو سکے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں سڑک پر کیسے چل سکتی ہیں، اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس حوالے سے فوری اقدامات کرنے چاہیے تھے۔