وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 9 نومبر کو شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے کیبنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور یوم اقبال کے موقع پر مختلف تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
علامہ اقبال، جنہیں مفکر پاکستان اور مصور پاکستان کے نام سے جانا جاتا ہے، 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم سیالکوٹ سے حاصل کی اور بعد میں 1905 میں برطانیہ سے قانون کی تعلیم اور جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔
وطن واپسی کے بعد 1910 میں علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو فکری و سیاسی بیداری کا پیغام دیا اور انہیں متحد کرنے کا کام کیا۔ ان کی سب سے اہم سیاسی خدمات میں سے ایک نظریہ پاکستان کی تشکیل تھی، جو بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔
علامہ اقبال کا انتقال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں ہوا، اور ان کا مزار بادشاہی مسجد کے قریب واقع ہے۔