ایرانی صدر کا کشیدگی کے دوران مستقل حمایت پر پاکستان کا شکریہ
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب، قطر اور چین کے سفراء سے ملاقاتیں، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔ ایرانی صدر نے مستقل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ میں مشرق وسطی کی تازہ صورتحال اور جنگ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر مستقل طور پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت دیگر سفارتی فورمز پر پاکستان ایران کی حمایت کرے گا۔
ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کا بھی اعتراف کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب، قطر اور چین کے سفراء سے ملاقاتیں
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب، قطر اور چین کے سفراء سے ملاقاتیں کیں۔ جن میں شہباز شریف نے سعودی عرب اور قطر سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔
سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر سے ملاقات میں مشرق وسطی کی صورتحال اور جنگ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری ایک پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے ولی عہد اپنے عزیز بھائی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کا قطری سفیر سے ملاقات میں امیرِ قطر سے اظہار یکجہتی
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قطری سفیر سے ملاقات میں امیر قطر سے اظہار یکجہتی کیا۔
دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر قطر اور برادر عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور خطے میں امن و سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام واحد راستہ صرف اور صرف مذاکرات اور سفارتکاری ہے۔
وزیراعظم سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم کا سی پیک منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا عزمhttps://t.co/MtMRCWsuM5 pic.twitter.com/xJQvlTN19Z
— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 24, 2025
چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ شاہراہ قراقرم ، ایم ایل ون ، گوادر پورٹ آپریشنل کرنے کے ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون اہمیت کا حامل ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے دورہ چین کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے دوست ملک چین کی تعریف کی جس سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی اور اس کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت کے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لیے اہم ہے۔
چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور کہا کہ اگست 2025 کے آخر میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔