پاکستان ریلوے میں جدید سگنلنگ سسٹم بجلی کے عدم ادائیگی پر متاثر

بجلی کے بل ادا کر دیے گئے ہیں، بجلی بحال ہو چکی ہے اور سسٹم دوبارہ فعال کر دیا گیا،ریلوے حکام

لاہور: پاکستان ریلوے میں 2009 میں درآمد کیا گیا جدید کمپیوٹرائزڈ انٹرلاکنگ سگنلنگ سسٹم مرکزی ریلوے لائن کے 60 فیصد اسٹیشنوں پر نصب کیا گیا ہے، جو مہنگی بجلی پر چلتا ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں چیچہ وطنی اسٹیشن پر بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کے باعث کنکشن منقطع ہونے پر یہ اہم سسٹم معطل ہو گیا، جس سے ٹریک پر چلنے والی ٹرینوں کو پائلٹ کر کے مین لائن سے گزارا جا رہا ہے۔

اسٹاپ والی ٹرین مین لائن پر کھڑی کی جاتی ہے، جبکہ تھرو پاس ٹرینوں کو پی ایل سی دے کر روانہ کیا جاتا ہے۔

اسی طرح اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر بھی بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کنکشن منقطع ہو گیا تھا، جہاں لاہور سے روزانہ 12 میل ایکسپریس ٹرینوں کا اسٹاپ ہے۔

ان ٹرینوں کو پلیٹ فارم پر کھڑا کرنے کی بجائے مین لائن پر کھڑا کیا جاتا ہے، جس سے ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہاں سے گزرنے والی تیز رفتار چھ ایکسپریس ٹرینوں، جن میں گرین لائن بھی شامل ہے، کو واکی ٹاکی کے ذریعے پی ایل سی سلو پاس کروایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف مسافروں کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ ہزاروں روپے کا اضافی ڈیزل بھی استعمال ہوتا ہے۔

مسافروں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرینوں کو مقررہ وقت پر پلیٹ فارمز پر پہنچانے کو یقینی بنایا جائے اور آپریشن کو مسافروں کی سہولت کے مطابق بحال کیا جائے۔

دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل ادا کر دیے گئے ہیں، بجلی بحال ہو چکی ہے اور سسٹم دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button