برطانوی شاہی خاندان کی سالانہ لاکھوں پاؤنڈ آمدن
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور ان کے ولی عہد شہزادہ ولیم کی دولت کا ذریعہ صرف ان کی شاہی حیثیت تک محدود نہیں رہا ہے
لندن: برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور ان کے ولی عہد شہزادہ ولیم کی دولت کا ذریعہ صرف ان کی شاہی حیثیت تک محدود نہیں رہا ہے۔ نئی معلومات کے مطابق دونوں شاہی شخصیات کو اپنی وسیع جاگیروں اور مختلف معاہدوں سے سالانہ لاکھوں پاؤنڈ کی آمدن ہوتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، برطانوی ٹیکس دہندگان کی مالی اعانت سے چلنے والی عوامی خدمات، خیراتی اداروں، سرکاری محکموں اور یہاں تک کہ ایک جیل کے ساتھ شاہی خاندان کے معاہدے ہیں جن سے انہیں سالانہ لاکھوں پاؤنڈ کی آمدن ہوتی ہے۔ صرف 2023 میں، چارلس اور ولیم کی نجی جاگیر، ڈچی آف لنکاسٹر اور ڈچی آف کارن وال سے برطانوی شاہی خاندان کو بالترتیب 27.4 ملین پاؤنڈ اور 23.6 ملین پاؤنڈ آمدن ہوئی۔
ڈچی فائلز نامی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ آمدن صرف جاگیروں سے حاصل ہونے والی کرایہ اور دیگر آمدن پر مشتمل نہیں ہے۔ بلکہ بادشاہ اور ولی عہد کو دریاوں کو عبور کرنے، ساحل پر سامان اتارنے، اپنے ساحلوں کے نیچے کیبل چلانے، سکولوں اور خیراتی اداروں کو چلانے، اور یہاں تک کہ قبریں کھودنے کے معاوضے بھی ملتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، برطانوی شاہی خاندان کی ڈچیز کی ملکیت میں تقریباً 5410 جاگیریں اور جائیدادیں ہیں۔ ان میں ٹول پل، فیریاں، سیوریج کے پائپ، گرجا گھر، گاؤں کے ہال، پب، ڈسٹلریز، گیس پائپ لائنیں، بوٹ مورنگز، اوپن کاسٹ اور زیر زمین سرنگیں، کار پارکس، کرائے کے گھر اور ونڈ ٹربائنز شامل ہیں۔
ایک مثال کے طور پر، کنگز ڈچی آف لنکاسٹر کو برطانیہ کی این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت 15 سال میں ایمبولینسز کے لیے ایک گودام کرایہ پر لینے کے لیے 11 ملین پاؤنڈ ملتے ہیں۔ اسی طرح، پرنس ولیم کے ڈچی آف کارن وال کو ڈارٹمور جیل کے استعمال کے لیے وزارت انصاف سے سالانہ 1.5 ملین پاؤنڈ ملتے ہیں۔
برطانوی شاہی خاندان نے 900 سے زیادہ رہائشی مکانات اور فارم بھی کرائے پر دیئے ہیں۔ یہ سب کچھ 14 ویں صدی میں قائم ہونے والی ڈچیز کے تحت آتا ہے اور اس پر کوئی کارپوریٹ ٹیکس نہیں لگتا۔ تاہم، بادشاہ اور شہزادہ سب سے زیادہ شرح، 45 فیصد کے حساب سے رضاکارانہ طور پر انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں۔