پاکستان
ٹرینڈنگ

ملک درست سمت میں بڑھ رہا ہے،میاں نواز شریف

اسٹاک مارکیٹ تاریخی سطح پر پہنچ رہی ہے، اگر یہی رفتار برقرار رہی تو مشکلات جلد آسان ہو جائیں گی، سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک درست سمت میں بڑھ رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ تاریخی سطح پر پہنچ رہی ہے۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو مشکلات جلد آسان ہو جائیں گی۔

لندن میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے معیشت کو پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ ان کے دور میں معیشت اچھی حالت میں تھی اور ترقی ہو رہی تھی، لیکن انہیں نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے پر عوام کی جانب سے متوقع ردعمل نہیں آیا، جس کا انہیں ہمیشہ شکوہ رہے گا۔

نواز شریف نے اپنی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے جان چھڑائی تھی لیکن عمران خان نے اس پروگرام کو دوبارہ شروع کیا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے ملک کو بدحالی کے گڑھے میں دھکیل دیا۔

سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ملک کی معیشت اور حالات بہتر ہو رہے ہیں، اور آنے والے دنوں میں بجلی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بجلی کا بل 1,600 روپے تھا، جبکہ آج یہ 15,000 سے 20,000 روپے تک جا پہنچا ہے، جو کہ ایک بڑا فرق ہے اور ظلم ہے۔

نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں اور اسٹاک مارکیٹ کی ترقی جاری ہے۔ اگر یہ رفتار برقرار رہی تو مشکلات جلد حل ہو جائیں گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور انہوں نے مریم نواز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے مشاورت ہوتی ہے، عوام کو جب کام ہوتا نظر آئے گا تو وہ مطمئن ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button