سعودی عرب :بحیرہ احمر میں ایک شاندار جزیرے سندالہ کے افتتاح کا اعلان

یہ جزیرہ یورپ، سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے کشتی مالکان کو بہترین رسائی فراہم کرے گا

ریاض : سعودی عرب کے مستقبل کے شاہکار شہر نیوم نے اتوار کو بحیرہ احمر کے ایک شاندار جزیرے "سندالہ” کے افتتاح کا اعلان کیا ہے، جہاں ریستوراں، ہوٹلز اور کشتی رانی کی سہولیات موجود ہیں۔

عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیوم نے سندالہ کو اپنے "پہلے عظیم منصوبے” کے طور پر متعارف کرایا ہے جو بحیرہ احمر کی دہلیز کا کردار ادا کرے گا۔ یہ جزیرہ یورپ، سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے کشتی مالکان کو بہترین رسائی فراہم کرے گا۔

نیوم کے سی ای او نظمی النصر نے کہا، "سندالہ کے افتتاح کے ساتھ نیوم نے مملکت میں پُرتعیش سیاحت کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ یہ نیوم کے وسیع تر منصوبوں اور مقامات کی پہلی جھلک پیش کر رہا ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ سندالہ کا رقبہ 840,000 مربع میٹر (200 ایکڑ) پر مشتمل ہے اور 2028 تک یہ روزانہ 2,400 مہمانوں کی میزبانی کرے گا۔

دسمبر 2022 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان کردہ نیوم کے اس منصوبے کو نیوم کے ایک پرجوش سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ پہلے مہمانوں کو جزیرے کی دلکشی اور عظمت کا تجربہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

نیوم کے مطابق سندالہ کی کامیاب تعمیر اور اس کی حقیقت میں تبدیلی دو سال کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، جو سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کے سیاحتی اہداف کو آگے بڑھانے کی عکاسی کرتا ہے اور نیوم کی نئے اور منفرد مقامات تخلیق کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button