ایلون مسک کی دولت میں حیران کن اضافہ
ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے، یہ اضافہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 22 فیصد اضافے کے باعث ہوا، بلومبرگ
نیویارک : ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی معروف کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے اپنی دولت میں ایک غیرمعمولی اضافہ کرلیا ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 24 اکتوبر کو ایلون مسک کی دولت میں 33 ارب 50 کروڑ ڈالر (جو کہ 92 کھرب پاکستانی روپے سے زیادہ ہے) کا اضافہ ہوا، جو کہ بیشتر ممالک کے سالانہ بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 22 فیصد اضافے کے باعث ہوا۔ یہ اضافہ ٹیسلا کی جانب سے جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی کی رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں ایلون مسک نے پیشگوئی کی کہ 2025 تک الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 30 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ایک سال سے زائد عرصے تک ٹیسلا کی سہ ماہی رپورٹوں میں مسلسل آمدنی میں کمی کی اطلاعات آرہی تھیں۔
ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ ٹیسلا کے شیئرز پر منحصر ہے۔
اس وقت ایلون مسک 270.3 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر موجود جیف بیزوس کی دولت 209 ارب ڈالر ہے۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اس فہرست میں 201 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔