بی جے پی کے رہنما کے بیٹے کی آن لائن شادی کی تصاویر وائرل

بی جے پی کے ایم ایل سی برجیش سنگھ پرشو بھی اس شادی میں شریک ہوئے

بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اتر پردیش کے رہنما کا بیٹا پاکستانی لڑکی کے عشق میں گرفتار ہو گیا، اور ان کی آن لائن شادی کی تقریب نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔

بی جے پی کے ایم ایل سی برجیش سنگھ پرشو بھی اس شادی میں شریک ہوئے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدیں تو موجود ہیں، لیکن دونوں ممالک کے لوگوں کے دلوں میں رشتے مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ منظر اتر پردیش کے شہر جونپور میں دیکھا گیا، جہاں بی جے پی رہنما تحسین شاہد کے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی لاہور کی عندلیب سے طے ہوئی۔ تاہم، ویزا نہ ملنے کی وجہ سے نکاح ویڈیو کال کے ذریعے ہوا۔

اس شادی میں سیکڑوں لوگوں نے باراتی بن کر شرکت کی، جبکہ لاہور میں دلہن کے گھر بھی لوگ جمع ہوئے۔ نکاح کے بعد، دلہے کو دلہن کے ویزا کا انتظار ہے تاکہ وہ رخصتی کر سکیں۔

جونپور کے مخدوم شاہ اڈہن کے رہائشی اور بی جے پی کے کارپوریٹر تحسین شاہد نے تقریباً ایک سال قبل اپنے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی اپنی رشتہ دار عندلیب زہرا سے طے کی تھی، جو لاہور میں رہتی ہیں۔

شادی کے لیے ویزا کی درخواست بھارتی حکومت کو دی گئی تھی، لیکن شادی کی تاریخ قریب آتے ہی مشکلات بڑھ گئیں۔ اس دوران پاکستان میں لڑکی کی والدہ رانا یاسمین زیدی کی طبیعت خراب ہو گئی، جس کی وجہ سے انہیں اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔

اس مشکل صورت حال میں، تحسین شاہد نے لاہور میں اپنی بہن سے بات چیت کے بعد آن لائن نکاح کا فیصلہ کیا۔ آخر کار، انہوں نے امام بارگاہ کلو مرحوم میں سیکڑوں باراتیوں کے ہمراہ پہنچ کر ٹی وی اسکرین پر آن لائن نکاح کروا دیا۔

عالم دین مولانا محفوظ الحسن خان نے نکاح پڑھانے کے بعد کہا کہ دین اسلام میں لڑکی کی اجازت ضروری ہے، اور اس صورت میں یہ اجازت آن لائن یا آف لائن دی جا سکتی ہے، جس کے بعد دونوں مولانا ایک ساتھ بیٹھ کر نکاح کر سکتے ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button