اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم کی منظوری کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملا، جہاں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری کے بارے میں گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن، نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔
اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ان کا استقبال کیا۔ وہ اسی دن صبح مولانا فضل الرحمان کے پاس پہنچے تھے۔
بلاول کی آمد سے کچھ دیر قبل پی ٹی آئی کا وفد بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر چکا تھا اور آئینی ترامیم پر بات چیت کی تھی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بھی مولانا فضل الرحمان سے دو ملاقاتیں کی تھیں، پہلی ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کا وفد پہلے سے وہاں موجود تھا، جس پر بلاول نے باہر رک کر فضل الرحمان کا انتظار کیا۔