اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ جے شنکر کا یہ دورہ خصوصی طور پر SCO سمٹ میں شرکت کے لیے طے کیا گیا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے اس اہم اجلاس کے موقع پر جے شنکر کی آمد عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اس دورے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہمیں بھارتی وزیر خارجہ کے پاکستان آنے کو ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھنا چاہیے، کیونکہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس عالمی اور علاقائی تعلقات کے حوالے سے بے حد اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد ایک خوش آئند بات ہے، خاص طور پر موجودہ عالمی اور علاقائی تناظر میں SCO اجلاس کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ ہمیں اس دورے کو سیاسی زاویے سے زیادہ عالمی تنظیم کے تحت دیکھنا چاہیے اور اسے تعمیری نقطہ نظر سے سراہنا چاہیے۔