Trending

ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ، 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغ دیئے

اسرائیل بھر میں الارم بجنا شروع ہوگئے اور مقبوضہ بیت المقدس، دریائے اردن کی وادی میں اسرائیلی شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی

اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے لبنان میں تنظیم حزب اللہ کیخلاف اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل بھر میں الارم بجنا شروع ہوگئے اور مقبوضہ بیت المقدس، دریائے اردن کی وادی میں اسرائیلی شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو نشریات کی ذمے داریاں انجام دینے والے رپورٹرز حملوں کے دوران زمین پر لیٹ گئے۔

ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغے ہیں اور اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو تہران کا ردعمل مزید شدید اور تباہ کن ہو گا۔

فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ اگر صیہونی حکومت نے ایرانی حملوں پر جوابی کارروائی کی تو انہیں ایسے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا جو انہیں کچل کر رکھ دیں گے۔

اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

رائٹرز کے صحافیوں نے ہمسایہ ملک اردن کی فضائی حدود میں اسرائیل کے آئرن ڈوم کی جانب سے میزائلوں کو روکتے ہوئے دیکھا جبکہ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے 100 میزائل داغے گئے۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران سے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں، ہمیں امریکا نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل حملے سے خبردار کیا تھا اور ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہیگری نے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ اسرائیلی فوج ایرانی حملے کا دفاع اور جوابی کارروائی کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ایسا بروقت کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے فضائی دفاع نے بہت سے ایرانی میزائلوں کو مار گرایا اور ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں چند ہی میزائل گرے۔

اسرائیل کی ایمرجنسی سروس کے مطابق تل ابیب کے علاقے میں دو افراد شارپ نیل سے زخمی ہوئے جبکہ دیگر مقامات پر بھی افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button