برازیل انفلو ئنسر کو بس حادثے کی جگہ رقص کرنا مہنگا پڑ گیا
یہ حادثہ ریو ڈی جنیرو کے شہر پیرائی میں پیش آیا تھا، جس میں 45 مسافر سوار تھے
ریو ڈی جنیرو: برازیل کے ایک مشہور گلوکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر، ایم سی لیونہو، ایک جان لیوا بس حادثے کی جگہ پر رقص کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بن گئے ہیں۔
ایک وائرل ویڈیو میں لیونہو کو ایک براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران جس میں ایک بس حادثے کی تباہی دکھائی جا رہی تھی، رپورٹر کے پیچھے رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ حادثہ ریو ڈی جنیرو کے شہر پیرائی میں پیش آیا تھا، جس میں 45 مسافر سوار تھے اور جس میں برازیلین امریکی فٹ بال ٹیم کورٹیبا کروکوڈائلز کے تین کھلاڑی ہلاک ہو گئے تھے۔
خاتون صحافی ازابیلا کیمپوس نے جب واقعہ کی جگہ سے براہ راست نشریات کا آغاز کیا تو لیونہو نے کیمرے کے عملے کی طرف سے روکنے کے باوجود کیمرے میں آکر رقص کیا اور نشریات میں خلل ڈالا۔
لیونہو کے اس عمل کو متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے بے حسی اور بے عزتی قرار دیتے ہوئے اس کی بڑے پیمانے پر مذمت ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ اس کے اس رویے پر شدید ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا،یہ سراسر بے عزتی ہے۔ اتنے افسوسناک لمحے میں وہ کیسے سوچ سکتا ہے کہ یہ حرکت ٹھیک ہے۔