لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے: 24 گھنٹوں میں 105 شہید
وادی بقاع، عین الدلب اور دیگر مقامات پر حملوں میں اب تک 359 افراد زخمی ہوچکے ہیں
بیروت: لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی فضائی بمباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 105 ہو چکی ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے وادی بقاع، عین الدلب اور دیگر مقامات پر حملوں میں اب تک 359 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے مختلف شہروں پر جاری حملوں میں ایک اور فرانسیسی شہری ہلاک ہوگیا۔ اتوار کے روز مشرقی لبنان کے بعلبک ہرمل شہر میں بھی اسرائیلی فوج نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں 33 افراد شہید اور 47 زخمی ہوئے۔
لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے باعث ملک میں غذائی بحران شدید تر ہو چکا ہے۔ حملوں کے بعد لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو رہے ہیں، اور 20 لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ نے لبنان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی بمباری کے باعث پناہ گاہوں میں مقیم بے گھر خاندانوں کو راشن کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔