محمد یوسف نے سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

محمد یوسف کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے ، پاکستان کرکٹ بورڈ

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور بلے باز محمد یوسف نے قومی ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔

محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات انجام دینا ایک اعزاز قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔

انہوں نے قومی ٹیم کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد یوسف کے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی سی بی میں دیگر اہم ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

پی سی بی نے محمد یوسف کے خدمات کے اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں بطور بیٹنگ کوچ اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سرانجام دیں گے۔

خیال رہے کہ محمد یوسف پاکستان کے چند کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر میں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

Exit mobile version