لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہو گی

لاہور : پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے امتحانات کے دوران صوبے کے 7 بڑے شہروں میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں امتحانی مراکز کے اطراف 100 گز کے دائرے میں ہر قسم کی اجتماعات، مظاہرے اور غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ پابندی 28 اور 29 ستمبر کو صبح 8:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک نافذ رہے گی۔ امتحانی مراکز میں صرف امیدوار اور سپروائزر ہی داخل ہو سکیں گے۔

پنجاب بھر میں پی پی ایس سی کے مختلف امتحانات کے لیے 25 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امتحانات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

Exit mobile version