وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آج خطاب کریں گے

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے آج خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، لبنان ،فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے، اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

شہبازشریف متعدد بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اہم خطاب سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح مباحثہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا ہمیں اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کی جنگ سے روکنا ہوگا، جس سے مشرق وسطیٰ میں وسیع تنازع پیدا ہورہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف پابندیوں پر غور کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت کا احتساب ہونا چاہیے۔ اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ بنانا ہوگا، تنازعات کے حل نہ کرنے سے ہمارا مستقبل تاریک ہوسکتا ہے یوکرین جنگ کو پھیلاؤ سے روکنا ہوگا،

انھوں نے زور دیا سلامتی کونسل یوکرین کی جنگ ختم کرنے کیلئے جامع اور غیر جانبدار منصوبہ بنائے اور طاقت کے غیرقانونی استعمال کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button