بھارتی کمانڈر کا پاکستانی امن فوجیوں کی مہارت کا اعتراف

راولپنڈی : پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھارتی فورس کمانڈر کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ مشن کے فورس کمانڈر بھارت کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر پاکستانی امن دستے کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔

بھارتی آرمی کمانڈر نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر جنوبی سوڈان میں امن مشن پر تعینات پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور غیرمتزلزل عزم کی تعریف کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی آفیسر نے خط میں پاکستانی امن فوجیوں کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے۔ پاکستانی بلیو ہیلمٹ نے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد بے گھر افراد کی مدد بھی کی ہے۔

بھارتی کمانڈر نے پاکستانی امن دستے کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شفقت اقبال اور کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل شہباز اسلم کے کردار کو بھی خاص طور پر سراہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی امن دستے اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت جنوبی سوڈان میں امن و سلامتی قائم کرنے کیلئے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستانی فوج اقوام متحدہ کے امن مشن میں بین الاقوامی برادری کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔سول آبادی کا تحفظ امن مشن میں ہمیشہ پاکستانی امن دستوں کی اولین ترجیح رہی ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button