پیجرز کے بعد واکی ٹاکیز میں دھماکے، 20 شہید اور سینکڑوں زخمی

پیجرز کے بعد واکی ٹاکیز میں دھماکے، 20 شہید اور سینکڑوں زخمی

بیروت: لبنان ایک بار پھر دہشت گردی کے سائے تلے آ گیا ہے جہاں پیجرز کے بعد اب واکی ٹاکیز میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔ ان دھماکوں میں کم از کم 20 افراد شہید اور 450 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ دھماکے گھروں، کاروں اور نماز جنازہ کے مقام پر ہوئے۔ خاص طور پر پیجرز کے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے حزب اللہ کے کارکنوں کی نماز جنازہ میں شریک دیگر کارکنان کے واکی ٹاکیز بھی پھٹ گئے۔

ان دھماکوں کی وجہ سے متعدد گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور شہر میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ درجنوں زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

لبنان کی حکومت اور حزب اللہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں اور کارکنان کے زیر استعمال 3 ہزار سے زائد پیجرز یکے بعد دیگرے دھماکوں سے پھٹ گئے تھے جس میں 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں