پاکستان میں کل جزوی چاند گرہن ہو گا

پاکستان میں کل جزوی چاند گرہن ہو گا

کراچی : پاکستان میں کل یعنی 18 ستمبر کو جزوی چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا آغاز صبح 5 بجکر 41 منٹ پر ہوگا جبکہ جزوی گرہن کا آغاز صبح 7 بجکر 13 منٹ پر ہوگا۔ چاند گرہن صبح 7 بجکر 44 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا اور صبح 8 بجکر 16 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ اس لیے نہیں کیا جاسکے گا کیونکہ گرہن کے وقت چاند افق کے نیچے ہوگا۔ تاہم، یورپ، ایشیا، افریقا، شمالی اور جنوبی امریکا میں چاند گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔

چاند گرہن کیا ہے؟

جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے۔ سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہے اور اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔

چاند گرہن کا مشاہدہ کیسے کریں؟

چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے کسی خاص آلات کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ اسے اپنی آنکھوں سے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ تاہم، دوربین یا ٹیلی اسکوپ سے آپ اسے زیادہ واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں