ہنگو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مولانا فدا الرحمان جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے خیساری بانڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک معروف مذہبی شخصیت مولانا فدا الرحمان جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ آج صبح پیش آیا جب مولانا فدا الرحمان اپنے روزمرہ کے معمول کے مطابق گھر سے نکلے تو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مولانا فدا الرحمان ایک نجی فاؤنڈیشن کے چئیرمین بھی تھے اور علاقے میں ان کی بہت عزت تھی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ فائرنگ کی وجہ کیا تھی۔ تاہم مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔