اسلام آباد: شدید بارش کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر

اسلام آباد: شدید بارش کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش اور خراب موسم کی وجہ سے اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن مکمل طور پر متاثر ہوا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صبح سویرے اسلام آباد پہنچنے والی تین غیر ملکی پروازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے لاہور ڈائیورٹ کر دی گئیں۔ جبکہ اسلام آباد آنے اور جانے والی 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق کویت سے اسلام آباد آنے والی ایک غیر ملکی پرواز، شارجہ سے اسلام آباد آنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز اور پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز کو موسم کی خرابی کی وجہ سے لاہور ڈائیورٹ کر دیا گیا۔ پی آئی اے نے ان مسافروں کو متبادل ذرائع سے اسلام آباد پہنچایا۔

اس کے علاوہ ابوظہبی، دمام، القسیم سے اسلام آباد آنے والی پروازیں اور اسلام آباد سے دبئی، جدہ، ابوظہبی، استنبول، بحرین، گلگت، اسکردو اور دیگر 15 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے بیجنگ جانے والی پرواز ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے شام 7:30 بجے اور اسلام آباد سے دبئی جانے والی پرواز 8 گھنٹے کی تاخیر سے رات 9:30 بجے روانہ ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں