نیو یارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر نائن الیون حملوں کو 23 برس مکمل
امریکہ میں نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر 2001 کے نائن الیون دہشتگردانہ حملوں کو آج 23 برس ہو گئے۔
نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے علاوہ پینٹاگون اور پنسلوینیا میں بھی طیاروں سے حملے کیے گئے تھے ، ان حملوں میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
11 ستمبر کے روز امریکی ائیرلائن کے 2 مسافر طیارے 18 منٹ کے وقفے سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دونوں عمارتوں سے ٹکرائے تھے۔
حملے کے چند گھنٹوں بعد ہی اُس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کا عندیہ دیدیا تھا۔
امریکا نے اُسی سال القاعدہ کو ذمہ دار قراردے کر افغانستان پرحملہ کردیا تھا جس کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان میں آپریشن اینڈیورنگ فریڈم کے نام سے کیا گیا۔
نائن الیون حملوں کے بعد دنیا بھر میں پاکستان امریکہ کا سب سے اہم اور دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن اتحادی بن کر سامنے آیا۔
سابق صدر پرویز مشرف نے جہاں افغان طالبان کے خلاف امریکی و نیٹو سپلائی کیلئے پاکستانی سرحدیں کھول دیں، وہیں قوم کو بتائے بغیر کئی پاکستانی ہوائی اڈے اور دیگر عسکری سہولیات بھی امریکا کو دے دیں۔
امریکا میں ہونے والی دہشتگردی کی اس کارروائی نے دنیا کا منظر نامہ بدل کر رکھ دیا۔