عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 17 ستمبر کو تعطیل کا اعلان

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 17 ستمبر کو تعطیل کا اعلان

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 17 ستمبر کو تعطیل کا اعلان

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت 12 ربیع الاول کے موقع پر 17 ستمبر 2024 بروز منگل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

اس سے قبل مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 12 ربیع الاول کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ماہرینِ فلکیات اور مذہبی علماء نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں ملک کے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی اطلاعات کی روشنی میں چاند کی رویت کا اعلان کیا گیا۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومت میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مینارہ نور ہیں، اسی لیے آپ ﷺ کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی کانفرنسز، تقریبات اور محفل میلاد کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں خوشی کا سماں رہے گا۔ عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا جائے گا۔ مسلمانوں کے لیے یہ ایک مبارک موقع ہے جب وہ اپنے نبی کریم ﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہیں اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں