تاریخ رقم، بنگلہ دیش نے پاکستان کو سیریز میں شکست دیکر کلین سوئپ کر دیا
تاریخ رقم، بنگلہ دیش نے پاکستان کو سیریز میں شکست دیکر کلین سوئپ کر دیا
راولپنڈی: بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ گھریلو میدان پر حریف ٹیم کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کر نا پڑا۔ بنگلہ دیش نے دونوں میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو بے بس کردیا۔
بنگلہ دیش نے دونوں میچز کو نسبتاً آسانی سے جیت لیا۔ دوسرے ٹیسٹ میں 185 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
بارش اور خراب روشنی کی وجہ سے چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا تھا۔ تاہم، بنگلا دیش نے آج اپنی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے فتح کو یقینی بنالیا۔
اس ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی وجہ سے مکمل طور پر برباد ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا۔ دوسرے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے 12 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔
اس سے قبل پنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلہ دیش نے پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں اپنی برتری حاصل کی تھی۔