پی ٹی اے نے غیر قانونی سمز کی بندش کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا
پی ٹی اے نے غیر قانونی سمز کی بندش کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سمز کی بندش کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق جس کے شناختی کارڈ کی مدت 2017ء سے پہلے مکمل ہو چکی ہے اور تجدید نہیں کروائی گئی، ان کی سمز بند کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور کینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں اور 16 اگست سے لے کر اب تک 69 ہزار سے زائد غیرقانونی سمز بند کی جا چکی ہیں۔ اتھارٹی نادرا سے حاصل کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کر رہی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا۔ موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں مثلاً دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر غیر قانونی کاموں میں استعمال ہوتی ہیں۔ غیر قانونی سمز کو بند کر کے حکومت کا مقصد ملک میں امن و امان قائم کرنا اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سمز کو فعال رکھنے کے لیے اپنے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں۔ اگر کسی کی سم بند ہو جاتی ہے تو وہ اپنے قریبی موبائل کمپنی کے آفس جا کر اپنی سم کو دوبارہ فعال کروا سکتے ہیں۔