مون سون کا نیا سپیل شروع،ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی

مون سون کا نیا سپیل شروع،ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی

لاہور/اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آج سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث آج شام سے منگل تک اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشیں ہوں گی۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے اور یہ مون سون بارشوں کا اسپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر شہروں بشمول لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ تاہم، حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر نگرانی بڑھا دی ہے۔

سندھ میں بھی منگل اور بدھ کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Exit mobile version