میانوالی میں دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 2پولیس جوان زخمی
میانوالی میں دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 2پولیس جوان زخمی
میانوالی: میانوالی کے قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے خوارج کے دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا۔ تاہم پنجاب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تقریباً 12 سے 14 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں بہادری سے مقابلہ کیا اور شدید جوابی فائرنگ سے انہیں پسپا کر دیا۔ اس دوران دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے مفرور دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لیے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر پولیس چیک پوسٹ قبول خیل کے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر یہ نواں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا ہے۔ پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف مضبوط دیوار کی طرح کام کر رہی ہے۔
ڈی پی او میانوالی اختر فاروق نے بھی حملے کے بعد موقع پر پہنچ کر زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کرایا اور دیگر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔