عراق جانے والے سینکڑوں پاکستانی زائرین بغداد ایئرپورٹ پر پھنس گئے
عراق جانے والے سینکڑوں پاکستانی زائرین بغداد ایئرپورٹ پر پھنس گئے
بغداد: اربعین کے موقع پر عراق جانے والے سینکڑوں پاکستانی زائرین بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پھنس گئے ہیں۔ متاثرین کے مطابق، صبح چار بجے سے ہی وہ ہوائی اڈے پر موجود ہیں اور انہیں واپسی کے لیے کوئی پرواز نہیں مل رہی۔ اس کے علاوہ، متعدد زائرین کے پاسپورٹ بھی گم ہو گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق متاثرہ زائرین نے بتایا کہ وہ بھوکے پیاسے ہوائی اڈے پر بیٹھے ہیں اور انہیں یہ نہیں بتایا جا رہا کہ وہ وطن کب واپس جا سکیں گے۔ ایک خاتون زائر نے بتایا کہ ان کی پرواز صبح نو بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی تھی لیکن وہ بغداد میں ہی رہ گئیں کیونکہ ان کا پاسپورٹ عراقی عملے نے لے لیا تھا اور اب وہ نہیں مل رہا ہے۔
اس ساری صورتحال کے باوجود پاکستانی سفارتخانہ عراق نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا ہے۔ متاثرین کے اہل خانہ پاکستانی حکام سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں اور ان کے عزیزوں کو وطن واپس لائیں۔