حیدرآباد میں مون سون کی طوفانی بارشیں، تمام تعلیمی ادارے کل بند

حیدرآباد میں مون سون کی طوفانی بارشیں، تمام تعلیمی ادارے کل بند

حیدرآباد: حیدرآباد اور اس کے اطراف میں مون سون کی بارشوں نے زندگی کو سخت متاثر کر دیا ہے۔ شدید بارشوں کے پیش نظر ضلع کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے کل کے لیے بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔

حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، چمبڑ، میہڑ اور فریدآباد سمیت بیشتر علاقوں میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارشوں نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث ایک دردناک واقعہ میں حیدرآباد میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ضلع انتظامیہ نے بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مدد کے لیے پہنچ گئی ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھر سے بے ضرورت نہ نکلیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بجلی کے کھمبوں اور ٹوٹے ہوئے درختوں سے دور رہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

Exit mobile version