اسلام آباد میں ڈکیتی کا واقعہ، کروڑوں روپے کی لوٹ مار
اسلام آباد میں ڈکیتی کا واقعہ، کروڑوں روپے کی لوٹ مار
اسلام آباد : دارالحکومت اسلام آباد میں ایک بار پھر قانون کی دھجّیاں اڑاتے ہوئے ڈاکوؤں نے نجی بینک سے کروڑوں روپے لوٹ لیے۔
واقعہ فراش ٹاؤن کے علاقے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایک نجی بینک میں کیش منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل سوار نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر کیش وین پر حملہ کر دیا اور تقریباً 3 کروڑ روپے کے دو بیگ چھین کر فرار ہو گئے۔
واقعے کے دوران ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں 2سکیورٹی گارڈز، طارق اور سلمان، شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی سکیورٹی گارڈز کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے فائرنگ کے 10 خول برآمد ہوئے ہیں اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکو نیلور کی طرف فرار ہوئے ہیں۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔