بھارت: گاڑی چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر کار سوار کا چالان
بھارت: گاڑی چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر کار سوار کا چالان
رامپور/نوئیڈا : بھارت میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ٹریفک پولیس نے گاڑی چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر ایک کار سوار کا چالان کاٹ دیا ہے۔ یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کے رہائشی توشار سکسینہ کے ساتھ پیش آیا۔
توشار سکسینہ کا کہنا ہے کہ انہیں نوئیڈا پولیس کی جانب سے ایک ہزار روپے کا جرمانہ کا نوٹس موصول ہوا ہے جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے تھے۔ تاہم توشار کا دعویٰ ہے کہ وہ نوئیڈا میں کبھی نہیں گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق توشار سکسینہ نے کہا کہ انہیں سب سے پہلے موبائل پر ایک ٹیکسٹ میسج موصول ہوا جس میں انہیں جرمانے کے بارے میں اطلاع دی گئی۔ ابتدا میں انہوں نے اسے غلطی سمجھ کر نظر انداز کر دیا لیکن جب انہیں اس حوالے سے ایک ای میل اور ایک اور پیغام موصول ہوا تو وہ پریشان ہو گئے۔
توشار سکسینہ نے نوئیڈا ٹریفک پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور ان پر لگے الزامات کو ثابت کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ مجرم ثابت نہیں ہوتے تو ان پر لگے جرمانے کو منسوخ کیا جائے۔
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے جب بھارت میں کسی گاڑی کے ڈرائیور کو ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کاٹا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی اسی طرح کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔