کراچی میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
کراچی میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آنے والے چند روز میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ کے مطابق خلیج بنگال سے اٹھنے والا ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرکے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست کو یہ سسٹم کچ، تھرپارکر اور ملحقہ بحیرہ عرب تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس سسٹم کے تحت طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 31 اگست کے درمیان کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی کے اکثر مقامات پر موسلادھار جبکہ چند ایک مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
آج سے 31 اگست کے دوران گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد اور شکارپور میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ 31 اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار سمیت دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ ، سجاول، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو خبردار کیا ہے کہ پیش گوئی کی مدت کے دوران سمندر میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اسی لیے ماہی گیر 28 سے 30 اگست تک سمندر میں نہ جائیں۔