جیل سے باہر آنے کیلئے عمران خان کو نواز شریف بننا پڑے گا، حامد میر
سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ جیل سے باہر آنے کیلئے عمران خان کو نواز شریف بننا پڑے گا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ جب نواز شریف کو جیل میں بھیجا گیا تھا تو کسی کو گمان بھی نہیں ہو گا کہ ان کی نا اہلی ختم ہو جائے گی اور نواز شریف باہر آ جائیں گے۔ یہ پاکستان ہے یہاں نواز شریف کی نا اہلی ختم ہو سکتی ہے تو کسی کی بھی ہو سکتی ہے لیکن اس کے لئے عمران خان کو سودا کرنا پڑے گا۔ اب 2 ہی راستے ہیں یا تو سودےبازی کرلیں یا پھر مقبولیت برقرار رکھیں۔جیل سے باہر آنے کیلئے عمران خان کو نواز شریف بننا پڑے گا۔
حامد میر نے کہا کہ فیض حمید غلط بیانی کے بادشاہ تھے۔ جھوٹ بولنا اور کسی کے دبائوں میں آ کر بات کر دینا بائیں ہاتھ کا کام تھا۔ اس طرح وہ ڈی جی آئی ایس آئی بنے ۔ جب عمران خان وزیراعظم تھے اس وقت فیض حمید نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر عمران خان کے خلاف بہت باتیں کیں۔ وہ کہتے تھے کہ وہ عمران خان سے بہت تنگ ہیں ، دوسری طرف عمران خان سمجھتے تھے کہ فیض حمید ان کے بہت قریب ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ثاقب نثار جب چیف جسٹس تھے ،ان کا رابطہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہوتا تھا، جب وہ ریٹائرڈ ہوئے تو ثاقب نثار کے ساتھ بہت سے واقعات پیش آئے، اگر ثاقب نثار نے کتاب لکھ دی تو بہت بہت بڑے انکشافات سامنے آئیں گے۔
اس کے متاثرین کا دائرہ کار بہت بڑا ہے ابھی تک ثاقب نثار نے اپنے زبان پر تالا لگایا ہوا ہے۔اگر وہ بول پڑے تو فیض حمید کے اوپر کے لوگوں کو نقصان ہو گا۔
اینکر پرسن نے کہا کہ اس وقت جو حالات ہیں ہمارے نوجوان کافی بے چین نظر آتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں یہ مسئلہ صرف اور صرف قانون کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ کچھ افراد کو اپنی بقاء کی پڑی ہے ، اس جنگ میں انہوں نے ملک کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کی لڑائی نہیں ہونی چاہئے ، اب ن لیگ کو لگ رہا ہے کہ عمران خان بچ گیا تو ہم نے نہیں بچنا اور عمران خان کو لگتا ہے کہ بچ گئے تو وہ نہیں بچیں گے۔