علاقائی
آزاد کشمیر میں 5.3 شدت کا زلزلہ، عوام خوفزدہ
مظفر آباد: آزاد کشمیر میں 5.3 شدت کا زلزلہ، عوام خوفزدہ
تفصیلات کےمطابق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کی گہرائی 20 کلومیٹر بتائی جا رہی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے صبح 6 بج کر 16 منٹ پر پہلی بار محسوس کیے گئے اور پھر تقریباً 7 منٹ بعد دوسرے جھٹکے محسوس ہوئے۔ زلزلے کا مرکز بارہ مولا کے شمال میں تھا۔
زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔ جہلم ویلی، چناری، ہٹیاں بالا، اٹھمقام، کنڈل شاہی، کیرن، شاردہ، کیل، گریس ویلی، وادی نیلم، وادی لیپہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے ہونے والے کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔