لیبیا میں مرکزی بینک کا اہم اہلکار اغواء، بینک کی تمام سرگرمیاں معطل
طرابلس:لیبیا میں مرکزی بینک کا اہم اہلکار اغواء، بینک کی تمام سرگرمیاں معطل
تفصیلات کے مطابق لیبیا کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال میں ایک اور نئی پیچیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ ملک کی مرکزی بینک نے اپنے ایک اہم عہدیدار کے اغوا کے بعد تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ یہ واقعہ لیبیا کی پہلے سے ہی نڈھال معیشت پر مزید دباؤ ڈالنے کا باعث بنا ہے۔
آج صبح مرکزی بینک کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ مصعب مسالم کو ایک نامعلوم گروپ نے ان کے گھر سے اغوا کر لیا۔ اس واقعے کے بعد بینک نے فوری طور پر اپنا کام روک دیا اور کہا کہ جب تک مصعب مسالم کو آزاد نہیں کیا جاتا، وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع نہیں کرے گا۔
بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات اس کے ملازمین کی حفاظت اور بینکنگ سیکٹر کے کام کے تسلسل کے لئے خطرہ ہیں۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اغواکاروں نے یہ کارروائی بینک کے گورنر صدیق الکبیر پر دباؤ ڈالنے اور ان سے استعفیٰ لینے کے لیے کی ہے۔