فرینڈز کے اداکار میتھیو پیری کی موت کا معاملہ، 5 افراد پر فرد جرم عائد
فرینڈز کے اداکار میتھیو پیری کی موت کا معاملہ، 5 افراد پر فرد جرم عائد کر دیا گیا.
تفصیلات کے مطابق امریکی ٹی وی شو “فرینڈز” میں چینڈلر کا کردار ادا کرنے والے مشہور اداکار میتھیو پیری کی موت کے معاملے میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ امریکی حکام نے اداکار کی موت کا سبب بننے والی نشے کی دوا کی سپلائی میں ملوث 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں سے ایک خاتون کو “کیٹامائن کوئین” کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ گروہ امریکی اداکار سمیت دیگر افراد کو نشے کی ادویات سپلائی کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے غلط طریقے سے کیٹامائن تجویز کرنے، فروخت کرنے یا انجیکٹ کرنے میں کردار ادا کیا تھا جس کی وجہ سے میتھیو پیری کی موت ہوئی۔
یاد رہے کہ میتھیو پیری اکتوبر 2023 میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کی موت کی وجہ نشے کی دوا کی زیادتی قرار دی گئی تھی۔
میتھیو پیری 90 کی دہائی کے مقبول ٹی وی شو “فرینڈز” میں اپنے کردار کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہوئے تھے۔ اس شو نے 10 سال تک ٹیلی ویژن پر حکمرانی کی اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔