ویانا میں دہشتگردی کا خطرہ، ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ منسوخ
ویانا میں دہشتگردی کا خطرہ، ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ منسوخ
ویانا: آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر، عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے تین کنسرٹ منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویانا کی سیکیورٹی حکام نے دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔ آسٹریا کی پولیس نے اس سلسلے میں دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
کنسرٹس کے منتظمین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اسٹیڈیم میں دہشتگرد حملوں کی تصدیق کے بعد، ان کے پاس کنسرٹس منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں بچا تھا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ مداحوں کی جانب سے خریدے گئے تمام ٹکٹس کی رقم واپس کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے یہ کنسرٹ 8، 9 اور 10 اگست کو ویانا کے ارنسٹ ہیپل اسٹیڈیم میں ہونے والے تھے، جن میں ہر روز تقریباً 65 ہزار افراد کی شرکت متوقع تھی۔