پنجاب میں چار سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا
پنجاب میں چار سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا
لاہور : پنجاب میں چار سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جس نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔ یہ کیس صوبے میں 2020 کے بعد پہلا کیس ہے اور پاکستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والا 12 واں کیس ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں قائم پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ پولیو وائرس کا شکار ہونے والے بچے کی عمر 6 سال ہے اور وہ ضلع چکوال سے تعلق رکھتا ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان میں رواں سال بلوچستان میں 9 اور سندھ میں 2 سمیت 12 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق رواں سال میں ابھی 5 ماہ باقی ہیں اور گزشتہ سال کے 6 کیسز کے مقابلے میں رواں سال 12 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جو کہ ملک میں پولیو کی صورتحال کی سنگینی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
پولیو ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ وائرس بنیادی طور پر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتا ہے اور اعصابی نظام پر حملہ کر کے فالج یا موت کا سبب بن سکتا ہے۔